مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی کانگریس کی ایرانی نژاد رکن یاسمین انصاری (ریاست ایریزونا) اور رو کھنہ (ریاست کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹ رکن) نے تصاویر جاری کرتے ہوئے ٹرمپ اور ان کی کابینہ کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ پسندی اور اس پر بھاری اخراجات کرنے پر تنقید کی ہے اور تہران کے خلاف جنگ کی مالی معاونت روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاسمین انصاری نے اس حوالے سے کہا کہ امریکی عوام نے 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات (امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات) میں اپنی خواہش واضح اور بلند آواز میں بیان کر دی ہے۔ امریکی عوام ایران کے خلاف جنگ کا خاتمہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس جنگ میں نہ صرف 23 امریکی فوجیوں کی جانیں گئیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ (مغربی ایشیا) میں ہزاروں بے گناہ انسان بھی مارے گئے۔ اس کے علاوہ پٹرول کی قیمتوں میں بھی شدید اضافہ ہوا اور پورے امریکہ میں زندگی گزارنے کے اخراجات بڑھ گئے۔
امریکی کانگریس کی ایرانی نژاد رکن نے مزید کہا کہ امریکی عوام نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔ ہم نے بھی اس سلسلے میں 11 دسمبر کی اہم آخری تاریخ مقرر کی ہے۔
ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکن کانگریس رو کھنہ نے بھی کہا کہ ہمیں اس جنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ہم نے ویتنام کی جنگ بھی ختم کی تھی، جب کانگریس نے اس کی مالی معاونت روک دی تھی۔ اب ہمیں بھی ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات کی مالی معاونت بند کرنی چاہیے۔
یاسمین انصاری نے مزید کہا کہ امریکی عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم اب اس جنگ پر خرچ نہیں ہونی چاہیے۔ اس جنگ کو جلد از جلد روکنا ضروری ہے تاکہ ہم اپنے ملک کے حقیقی مسائل اور معاملات پر توجہ مرکوز کر سکیں، جن میں امریکی عوام کے لیے زندگی کو آسان بنانا بھی شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ